Sunday, 26 February 2023

جدید طالب علم یہ بوجھ کئی کتابوں کا پشت پہ اٹھاتے ہیں

 جدید طالب علم 


یہ بوجھ کئی کتابوں کا پشت پہ اٹھاتے ہیں

یہ صرف اپنے پرچے پہ حاشیے لگاتے ہیں

یہ دوسروں کے پیپر پہ کیمرے لگاتے ہیں 

یا پھر سوالنامے کو دیکھتے ہی جاتے ہیں

ہم ایسے طالب علموں کی داستاں سناتے ہیں

یہ کل سے پڑھ کے آنے کا عہد کر کے جاتے ہیں


یہ ناشتہ بھی بستر میں بیٹھ کے اڑاتے ہیں

ان دُھلے سے چہرے ہیں بال کب سجاتے ہیں

گزشتہ دن سے بند پڑے یہ بیگ بھی اٹھاتے ہیں

روز پڑھنے آنے کی رسم بھی نبھاتے ہیں

شرارتوں، حماقتوں میں وقت کو گنواتے ہیں

یہ کل سے پڑھ کے آنے کا عہد کر کے جاتے ہیں


جو ٹیسٹ کوئی مشکل ہو، بخار یہ مناتے ہیں

شہر بھر کی گلیوں میں آنکھ یہ لڑاتے ہیں

اگلے دن یہ کالج میں جو رسمی طور آتے ہیں

بے دھیان آنکھوں کو یہ بورڈ پر جماتے ہیں

سوال کے جواب میں یہ نہ میں سر ہلاتے ہیں

یہ کل سے پڑھ کے آنے کا عہد کر کے جاتے ہیں 


خوش گمان ہونے کا ثبوت یوں دلاتے ہیں

کہ مہنگے کالجوں میں ہی اے گریڈ آتے ہیں

یہ سوچ کر کتابوں کو بھی ہاتھ کب لگاتے ہیں

چاہے سب اساتذہ جتنا سر کھپاتے ہیں

ان جدید طلبا کو بول یہ ہی آتے ہیں

یہ کل سے پڑھ کے آنے کا عہد کر کے جاتے ہیں


ان کا ہر ادارے میں چلن بھی معصومانہ ہے

تین بار گھنٹے میں پانی پینے جانا ہے

یوں کہو کہ لیکچر کو کسی طرح چُکانا ہے

باپ کی کمائی کا فائدہ اٹھانا ہے

زندگی کا ایک دن روز یوں گنواتے ہیں

یہ کل سے پڑھ کے آنے کا عہد کر کے جاتے ہیں 


کرگسوں نے پہنا ہے لباس اب شاہین کا 

نہ شوقِ علمِ دنیا ہے، نہ کچھ پتہ ہے دین کا

ہر کریم، ہر فیشل ہے شرف اس حسین کا

اس کو کھائے جاتا ہے، خیال مہ جبین کا

یہ دلربا کے ہاتھوں سے کئی پُلاو کھاتے ہیں

یہ کل سے پڑھ کے آنے کا عہد کر کے جاتے ہیں


زیورات ماؤں کے بھی ہو گئے دھواں دھواں

تمہاری فیس کے لیے وہ مانگتے کہاں کہاں

گھر میں چولہا جلنے کا نہ ہو سکا تمہیں گُماں

پھر بھی تیرے ماتھے کو چُومتی ہے روز ماں

وہ بیٹیاں بیاہنے میں دیر کرتے جاتے ہیں

یہ کل سے پڑھ کے آنے کا عہد کر کے جاتے ہیں 


ہماری شکوہ گوئی کا اتنا سا خلاصہ ہے

تمہارے والدین کو تمہارا ہی دلاسہ ہے

علم ہی زمانے کا لازوال اثاثہ ہے

علم کے بغیر تُو، تولہ ہے نہ ماسہ ہے

روز طِفلِ مکتب کو یہی سبق پڑھاتے ہیں

وہ کل سے پڑھ کے آنے کا عہد کر کے جاتے ہیں


عصمت اللہ ساحل 

No comments:

Post a Comment