Sunday, 19 February 2023

امید پر ہماری یہ دنیا کھری نہیں

 امید پر ہماری یہ دنیا کھری نہیں

پھر بھی تو اس کو پانے کی خواہش مری نہیں

بے وجہ گل رخوں سے مِری بے رخی کہاں

میرے جنون شوق کے قابل پری نہیں

تسکیں ملے بھی دیدۂ حیراں کو کس طرح

شیشہ گری نہیں، کہیں جلوہ گری نہیں

بد رنگ سی بہار ہے فصلِ بہار میں

بشاش دل نہیں ہے، طبیعت ہری نہیں

لگتا ہے آج شہر کے حالات ٹھیک ہیں

مسجد وگرنہ کل کی طرح کیوں بھری نہیں

حالانکہ میرے جرم پہ پردے پڑے رہے

دل کی ملامتوں سے مگر میں بری نہیں

دھرتی پہ دکھ رہے ہیں گناہوں کے اب اثر

اعظم کہیں تو خشکی، کہیں پر تری نہیں


ڈاکٹر اعظم خان

No comments:

Post a Comment