Saturday 25 February 2023

پر کیف بہاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے

 پُر کیف بہاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے

ہاں ان کے نظاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے

طوفان کا شیوہ تو ہے کشتی کو ڈبونا

خاموش کناروں نے بھی دل توڑ دیا ہے

اس ڈوبتے سورج سے تو امید ہی کیا تھی

ہنس ہنس کے ستاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے

کس طرح کریں تجھ سے گلہ تیرے ستم کا

مدہوش اشاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے

مانا کہ تھی غمگین کلی خوف خزاں سے

چپ رہ کے بہاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے

اغیار کا شکوہ نہیں اس عہدِ ہوس میں

اک عمر کے یاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے

یہ دورِ محبت بھی عجب دور ہے اس میں

اے نقش! سہاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے


مہیش چندر نقش

No comments:

Post a Comment