وہ جو بے یارو مددگار کہیں تھا، میں تھا
دُور اک شخص کو یہ پھر بھی یقیں تھا، میں تھا
ایک ہی شخص مصیبت میں مِرے ساتھ رہا
اور وہ شخص کوئی اور نہیں تھا میں تھا
پورے گاؤں میں اگر سب سے الگ تھی، وہ تھی
ان دنوں گاؤں میں جو سب سے حسیں تھا میں تھا
جب محبت میں وظیفے بھی لگا کرتے تھے
یاد ہے! کون یہاں تخت نشیں تھا؟ میں تھا
میں نہیں مانتا میں تجھ سے بچھڑ سکتا ہوں
تُو جو کہتا ہے میں اس وقت وہیں تھا، میں تھا
آپ اس گھر کی تباہی پہ ہیں افسردہ کیوں؟
جانتے ہیں کہ یہاں کون مکیں تھا؟ میں تھا
مجھ پہ مجھ سے بھی زیادہ اسے حق تھا ساحر
اس سے بڑھ کر بھی کوئی اس کے قریں تھا، میں تھا
جہانزیب ساحر
No comments:
Post a Comment