Thursday 16 February 2023

کوئی پریمی کسی ادھ بدھ سی بھاشا میں اگر تم کو پکارے

 ارپن


کوئی پریمی کسی ادھ بُدھ سی 1 بھاشا میں اگر تم کو پکارے تو

تم اپنا من کسی مندر کی گھنٹی سا بجاتی دوڑتی جانا

کہیں گھنگھور برساتوں میں گھنگھرو زور سے باجے تو پائل توڑتی جانا

وہاں کُہرا جو کنگن سے لپٹ جائے تو چُنری میں چھپا لینا

کوئی سُندر  2چھوی نینوں میں دِکھتی ہو تو پلکوں کو جھکا لینا

وہ ہلکی سی  3چھون گر میگھ بن کر تم کو بہکائے

تو پھر تم لاج کے پہرے ہٹا دینا

کسی نے لب سے پینا ہو اگر انگور کا پانی

تو 4 من بھاون سمے کی کوئی بھی 5 سیما

اسے کب روک پاتی ہے؟

یہ دیوی ہی سمجھتی ہے

کہ کب کس اور سے اس کو جنم 6 اُوپلبدھ کرتی روشنی رستہ دکھاتی ہے

سنہری سانجھ لمحوں میں

کسی کی آنکھ کا درشن

کوئی سیما کوئی بندھن

اور اپنے من کا خالی پن

اگر اب راستہ روکے

تو تم آشا نراشا کے پرانے روگ جی لینا

سمے نے جو دئیے تم کو وہ سارے سوگ پی لینا

پلٹ جانا اور اس ادھ بُدھ سی بھاشا بولنے والے سے یہ کہنا

صداؤں سے 7 دِشاؤں کا عجب 8 سنجوگ ہے سجنا

جنم بھومی میں یہ لکھا ہمارا 9 بھوگ ہے سجنا

تمہارے ان کہے سے شبد مجھ کو بھا گئے سارے

تمہاری ضد کے آگے مان 10 مریادا سبھی ہارے

تمہارے نام پر کاٹا میرا 11 بنواس ہے پورا

تپسیا 12 کا سمے بیتا مجھے 13 وشواس ہے پورا

تم اس کے 14 شانت نینوں میں دوبارہ جھانک کر کہنا

میری اتنی سی 15 آشا ہے

تمہاری جو بھی  بھاشا ہے

تم اپنے من کی اگنی کو ذرا اب 16 ساکشی مانو

میرے آنچل کو تھامو اور نئے جیون کے پھیرے لو

میری سانسوں کو اگلے سات جنموں کا 17 وچن دے دو


انجیل صحیفہ

1 بھاشا=زبان

2 چھوی=تصویر

3 چھون=لمس

4 من بھاون= من چاہا

5 سیما=رکاوٹ

6 اوپلبدھ=دستیاب

7 دشاؤں=سمتوں

8 سنجوگ=ملاپ

9 بھوگ=چڑھاوا

10 مریادہ=عزت

11 بنواس=شہر تیاگنا، جنگل میں بس جانا

12 تپسیا=عبادت، ریاضت

13 وشواس=اعتبار، بھروسہ

14 شانت=پرسکون

15 آشا=خواہش، تمنا، آرزو

16 ساکشی=گواہ، شاہد

17 وچن=وعدہ

No comments:

Post a Comment