Friday, 23 June 2023

کٹی عشق نبی میں زندگی صدیق اکبر کی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


کٹی عشق نبیﷺ میں زندگی صدیق اکبرؓ کی

بنی حق کی رضا ہر اک خوشی صدیق اکبرؓ کی

جہاں میں چار سُو ہے روشنی صدیق اکبرؓ کی

نرالی شمع روشن اک ہوئی صدیق اکبرؓ کی

سرِ عرشِ بریں شہرت ہوئی صدیق اکبرؓ کی

ولی کرتے پھریں سب چاکری صدیق اکبرؓ کی

رفیقِ مصطفیٰﷺ مشہور ہیں بزمِ جہاں میں وہ

نبیﷺ سے ہے مسلّم دوستی، صدیق اکبرؓ کی

مجاہد بھی، وہ غازی بھی، مسلمانوں میں اول بھی

لحد آقاﷺ کے پہلو میں نبیﷺ صدیق اکبرؓ کی

ہُوا ایمان کی رُو سے وہی کامل زمانے میں

ولا قسمت سے جس کو ہے ملی صدیق اکبرؓ کی

صحابہؓ میں کوئی رنجش کبھی تھی اور نہ کِینہ تھا

بڑی تعظیم کرتے تھے علیؑ، صدیق اکبرؓ کی

فرشتوں کی زباں پر ہیں محاسن آپؓ کے جاری

کرے گا کیا کوئی اب، ہمسری صدیق اکبرؓ کی

گزرتے ہیں مِرے شام و سحر آرام سے اب تو

کبھی یادیں نبیﷺ کی ہیں کبھی صدیق اکبرؓ کی

خلیفہ مومنوں کے ہیں نبیﷺ کے بعد وہ، پہلے

منافق ہے رکھے جو دشمنی صدیق اکبرؓ کی

بنے گی حشر میں رومی یہی بخشش کا باعث بھی

خدا کے فضل سے مِدحت کہی صدیق اکبرؓ کی


خالد رومی

No comments:

Post a Comment