Sunday 25 June 2023

لڑکیاں کہیں بھی ہوں لڑکیاں ہی رہتی ہیں

 تھیمز کے کنارے شام 


تھیمز کا کنارا تھا 

شام اوڑھ کر رِدا 

بے شمار رنگوں کی

پانیوں میں گُھلتی تھی 

شام اور پانی کے 

ہشت رنگ پلّو کو

میں کھڑا کنارے پہ 

خاموشی سے تکتا تھا

میرے ہاتھ پہ ابھی 

اس کے نرم ہاتھوں کا 

گرم  لمس باقی تھا 

میری پشت چھلنی تھی 

اس کے بند ہونٹوں کے 

پُر تپش سوالوں سے

برف سی ہوا سے بھی

اس کی گیلی آنکھوں کی

بے بسی نہ چُھپتی تھی

سوچتا تھامیں یونہی 

کیا کنارے دریا کے

مِل کے بھی مِل سکتے ہیں

پھر پلٹ کے دیکھا جو

اُس کی نم آنکھوں کو

اک سوال سا یونہی 

دل میں جیسے در آیا

آنکھ میں اُتر آیا 

لڑکیاں کیا مغرب کی 

اس طرح بھی ہوتیں ہیں 

ان کی بھی نگاہیں کیا 

یوں سوال کرتی ہیں

کیا بچھڑنے پہ وہ بھی

آنسوؤں سے بھرتی ہیں

یوں گھِرا سوالوں میں

جب قدم بڑھایا تو

پاؤں سے کچھ ٹکرایا 

میں نے جھک کے دیکھا تو

کان کی اک بالی تھی

میں نے وہ اٹھائی جب

 وہ میرے قریب آئی 

اور چھین کر وہی بالی 

پھر سے اُس جگہ رکھ دی

اور کہا مجھے اس نے 

یہ بھی ایک لمحہ ہے 

پیار کرنے والوں کا

یا بچھڑنے والوں کا

چند قدم چلا میں اور

پھر پلٹ کے دیکھا جو

حیرتوں کا دریا تھا 

جو مجھے سموتا تھا 

تھیمز کے کنارے پر

اک لمحہ محبت کا 

یا فقط جدائی کا 

اس نے بھی رکھ ڈالا تھا 

میں اس ایک لمحے کو 

دیکھتا تھا چاہت سے 

سوچتا تھا شدّت سے 

رب نے ان کی مٹی کو

اک ہی رنگ میں ڈھالا ہے

 رنگ بھی محبت کا

لڑکیاں کہیں بھی ہوں 

مشرقی یا مغرب کی

لڑکیاں ہی رہتی ہیں 


ثمینہ رشید

No comments:

Post a Comment