Saturday, 24 June 2023

منگتے ہیں کرم ان کا سدا مانگ رہے ہیں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


منگتے ہیں کرم ان کا سدا مانگ رہے ہیں

دن رات مدینے کی دعا مانگ رہے ہیں

ہر نعمتِ کونین ہے دامن میں ہمارے

ہم صدقۂ محبوبِ خدا مانگ رہے ہیں

اے دردِ محبت ابھی کچھ اور فزوں ہو

دیوانے تڑپنے کی ادا مانگ رہے ہیں

یوں کھوگئے سرکار کے الطاف و کرم میں

یہ بھی تو نہیں ہوش کہ کیا مانگ رہے ہیں

اسرار کرم کے فقط ان پر ہی کھلے ہیں

جو تیرے وسیلے سے دعا مانگ رہے ہیں

سرکار کا صدقہ مِرے سرکار کا صدقہ

محتاج و غنی شاہ و گدا مانگ رہے ہیں

اس دورِ ترقی میں بھی ذہنوں کے اندھیرے

خورشیدِ رسالت کی ضیاء مانگ رہے ہیں

یہ مان لیا ہے کہ تِرا درد ہے درماں

طالب ہیں شفا کے نہ دوا مانگ رہے ہیں

ہم کو بھی ملے دولتِ دیدار کا صدقہ

دیدار کی جراٴت بھی شہاؐ مانگ رہے ہیں

سرکار سے سرکار کو مانگا نہیں جاتا

اتنی بڑی سرکارﷺ سے کیا مانگ رہے ہیں

دامانِ عمل میں کوئی نیکی نہیں خالد

بس نعتِ محمدﷺ کا صلہ مانگ رہے ہیں


حافظ مظہرالدین مظہر

No comments:

Post a Comment