Tuesday, 27 June 2023

راستے صاف بتاتے ہیں کہ آپ آتے ہیں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


راستے صاف بتاتے ہیں کہ آپﷺ آتے ہیں

لوگ محفل کو سجاتے ہیں کہ آپﷺ آتے ہیں

اہلِ دل گیت یہ گاتے ہیں کہ آپﷺ آتے ہیں

آنکھ رہ رہ کہ اُٹھاتے ہیں کہ آپﷺ آتے ہیں

کہکشاں، رہگزر، چاند، ستارے، ذرے

سب چمک کر یہ دکھاتے ہیں کہ آپﷺ آتے ہیں

اپنے شاہکار پے خلاقِ دو عالم کو ہے ناز

انبیاء جھومتے جاتے ہیں کہ آپﷺ آتے ہیں

اہلِ ایماں کے لبوں پر ہے درود اور سلام

یومِ میلاد مناتے ہیں کہ آپﷺ آتے ہیں

دل کو جلووں کی طلب، آنکھ کو طیبہ کی لگن

دیکھیے مجھ کو بلاتے ہیں کہ آپﷺ آتے ہیں

اُنکی آمد کے پیامی ہیں صبا کے جھونکے

پھول شاخوں کو ہلاتے ہیں کہ آپﷺ آتے ہیں

بول بالا ہوا حق کا تو بُتانِ باطل

خانہِ کعبہ سے جاتے ہیں کہ آپﷺ آتے ہیں

رہگزر میں نظر آنے لگے ہر سو جلوے

ذرے رہ رہ کے بتاتے کہ آپﷺ آتے ہیں

مرحبا صلی علٰی کی صدائیں ہیں لب پر

لوگ صدقے ہوئے جاتے ہیں کہ آپﷺ آتے ہیں

ان کے جلووں سے نکھرنے لگی دل کی رونق

میری تقدیر جگاتے ہیں کہ آپﷺ آتے ہیں

چاند تاروں میں نصــیر آج بڑی ہلچل ہے

یہی آثار بتاتے ہیں کہ آپﷺ آتے ہیں


سید نصیرالدین نصیر

No comments:

Post a Comment