Sunday 28 January 2024

بلا اٹھا کے حرم کربلا میں آتے ہیں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


بلا اٹھا کے حرم کربلا میں آتے ہیں

مریض شام کے دارالشفا میں آتے ہیں

عجب شکوہ سے دشت بلا میں آتے ہیں

غم حسینؑ میں یاد خُدا میں آتے ہیں

جگر کے ٹکڑے بھرے دامنوں میں آئے ہیں

یہ قبر شہؑ پہ چڑھانے کو پھول لائے ہیں


بحار میں ہے رقم یہ روایتِ جانکاہ

جب آئے اہلِ حرم جانبِ شہادت گاہ

نہ گل نہ شمع ملی بیکسوں کی قبر پر آہ

مجاوری کو فقط جابر بن عبداللہ

قریشی آئے ہیں اور ہاشمی بھی حاضر ہیں

مسافروں کے سب مجاور بھی مسافر ہیں


ادھر عیاں ہوئی زینبِؑ خجستہ خصال

ادھر لحد میں تڑپنے لگا رسول اللہؐ کا لالؑ

نِدا مزار سے جابر کو دی بہ رنج و ملال

میں جیتا ہوتا تو کرتا بہن کا استقبال

شرف ہے فاطمہؑ کا فاطمہؑ کی جائی کو

میری طرف سے تُو جا اس پیشوائی کو


چلے مع عطیہؓ جابرؓ خجستہ نہاد

سرِ حسینؑ لیے ہاتھوں پر ملے سجادؑ

قدم پہ گر پڑے جابرؓ بہ نالہ و فریاد

پکاری عابدؑ بے کس کو زینبِؑ ناشاد

گلے لگا لو محبِ نبیؐ، یہ جابرؓ ہے

یہ ُتربتِ شہؑ مظلوم کا مجاور ہے


گلے لگا لیا جابرؓ کو شہؑ والا نے

گلے پہ نیل رسن کے دکھائے آقاؑ نے

کہا کہ لُوٹ لیا بھائی ہم کو اعدا نے

جو ہم پہ ہو گیا ہم جانیں یا خُدا جانے

سرِ حسینؑ بڑی محنتوں سے لایا ہوں

دوبارہ باپ کو میں دفن کرنے آیا ہوں


تنِ حسینؑ سے ملحق کیا حسینؑ کا سر

ہُوا زمیں میں گویا قرانِ شمس و قمر

لحد پہ تختۂ طوبیٰ قرینے سے رکھ کر

پکارے عابدؑ بے کس محبو آؤ ادھر

سنو بگوش کہ اس دم رسولؐ روتے ہیں

دوبارہ دفن میرے بابا جانؑ ہوتے ہیں


دلگیر لکھنوی

لالہ چھنو لال دلگیر

No comments:

Post a Comment