عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
میری آنکھوں میں سبز منظر ہے
سو مجھے روشنی میسّر ہے
خوب صورت ترین شہروں میں
شہرِ طیبہ کا پہلا نمبر ہے
اس جہاں کے تمام ناموں میں
اسمِ احمدﷺ سکون آور ہے
ان کے نقشِ قدم پہ چلتے رہو
بخشوانا مِرے نبیﷺ پر ہے
نعت کا اذن دے رہے ہیں مجھے
کیا کرم کوئی اس سے بڑھ کر ہے
یہ تعلّق ہے میرا سرمایہ
مجھ جبیں اور آپؐ کا در ہے
عاجزانہ درود پڑھتے رہو
عفو پرور نگاہ سب پر ہے
مانگتا ہوں میں اس لیے ان سے
ذاتِ اقدسؐ غریب پرور ہے
اپنا تو بس یہ ماننا ہے زوہیب
ان کے دم سے جہاں منوّر ہے
احمد زوہیب
No comments:
Post a Comment