Saturday, 27 January 2024

اسلام کی خاطر وہ رہے سینہ سپر دیکھ

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


اسلام کی خاطر وہ رہے سینہ سپر، دیکھ

اصحاب میں موجود انھیں مثلِ قمر دیکھ

تجھ کو بھی یقیں آئے کرم بارئ رب پر

جا ان کا نگر دیکھ، کرم دیکھ ، سحر دیکھ

سرسبز رُتیں ان پہ اترتی ہیں ہمیشہ

مصروفِ ثنا ہیں جو مدینے میں شجر دیکھ  

مدہوش ہوئے موسیٰ تجلّی سے سرِ طور

سرکارؐ ملے رب سے سرِ عرش مگر دیکھ

اس نام کے ایما سے بھرے کاسہ طلب کا

ہاتھ اپنے اُٹھا اور دُعاوں میں اثر دیکھ 

مرکز ہے اُجالوں کا رُخِ زیبا انہیں کا 

پھیلا ہے وہی نُور سرِ شام و سحر دیکھ 

پُھولوں میں بدل جائیں گے سب خار یقیناً

وہ نقشِ قدم ڈھونڈ سرِ راہ گزر دیکھ

اک بار انھیں دیکھوں کسی خواب میں احمد

پھر میرے نبیؐ حکم کریں بارِ دگر دیکھ


احمد زوہیب

No comments:

Post a Comment