Wednesday 24 January 2024

عاصیوں کو در تمہارا مل گیا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


عاصیوں کو در تمہارا مِل گیا

بے ٹھکانوں کو ٹھکانا مل گیا

فضلِ رب سے پھر کمی کس بات کی

مل گیا سب کچھ جو طیبہ مل گیا

کشفِ رازِ مَن رانی یوں ہُوا

تم ملے تو حق تعالیٰ مل گیا

بیخودی ہے باعثِ کشفِ حجاب

مل گیا ملنے کا رستہ مل گیا

ان کے در نے سب سے مستغنی کیا

بے طلب، بے خواہش اتنا مل گیا

نا خدائی کے لیے آئے حضورﷺ

ڈوبتو! نکلو سہارا مل گیا

دونوں عالم سے مجھے کیوں کھو دیا

نفسِ خُود مطلب! تجھے کیا مل گیا

خُلد کیسا، کیا چمن، کس کا وطن

مجھ کو صحرائے مدینہ مل گیا

آنکھیں پُر نم ہو گئیں، سر جُھک گیا

جب تِراؐ نقشِ کفِ پا مل گیا

ہے محبت کس قدر نامِ خُدا

نامِ حق سے نامِ والا مل گیا

ان کے طالب نے جو چاہا پا لیا

ان کے سائل نے جو مانگا مل گیا

تیرے در کے ٹُکڑے اور میں غریب

مجھ کو روزی کا ٹھکانا مل گیا

اے حسن! فردوس میں جائیں جناب

ہم کو صحرائے مدینہ مل گیا


ملا محمد حسن براہوی

No comments:

Post a Comment