عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
ایمان آپﷺ حاصلِ ایمان آپﷺ ہیں
نازاں ہوں میں کہ اب مِری پہچان آپؐ ہیں
سب پر بقدرِ حوصلہ ہوتے ہیں مُنکشف
قُرآن آپؐ، معنئ قُرآن آپﷺ ہیں
وجہِ سکوں ہے اسمِ گرامی کا ایک وِرد
دُشواریوں میں کس قدر آسان آپؐ ہیں
غیروں کی عاقبت کا بھی ہے آپؐ کو خیال
اُمت کے واسطے بھی پریشان آپؐ ہیں
آپﷺ آ گئے تو راہِ ہدایت ہوئی تمام
دِینِ مبیں کا آخری اعلان آپﷺ ہیں
انساں کی کیا مجال کہ ہمسر ہو آپؐ کا
گو آپؐ کہہ چکے ہیں کہ انسان آپؐ ہیں
دامن میں آپؐ کے ہیں دو عالم کی نعمتیں
ہر زاویے سے سورۂ رحمٰن آپؐ ہیں
کر دیجیے نگاہِ عنایت سحر پہ بھی
سرکارؐ دو جہانوں کے سلطان آپؐ ہیں
سحر انصاری
No comments:
Post a Comment