Monday, 29 January 2024

کیا جانے کتنے ہی رنگوں میں ڈوبی ہے

 کیا جانے کتنے ہی رنگوں میں ڈُوبی ہے

رنگ بدلتی دُنیا میں جو یک رنگی ہے

منظر منظر ڈھلتا جاتا ہے پِیلا پن

چہرہ چہرہ سبز اُداسی پھیل رہی ہے

پیلی سانسیں بُھوری آنکھیں سُرخ نگاہیں

عنابی احساس طبیعت تاریخی ہے

دیکھ گُلابی سنّاٹوں میں رہنے والے

آوازوں کی خاموشی کتنی کالی ہے

آج سفیدی بھی کالا ملبوس پہن کر

اپنی چمکتی رنگت کا ماتم کرتی ہے

ساری خبروں میں جیسے اک زہر بھرا ہے

آج اخباروں کی ہر سُرخی نیلی ہے

کیف کہاں تک تم خُود کو بے داغ رکھو گے

اب تو ساری دُنیا کے منہ پر سیاہی ہے


کیف احمد صدیقی

No comments:

Post a Comment