عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
کونین کی ہر شے پہ جو چھایا ہے بہ تفصیل
سرکارؐ کی رحمت ہی کا سایہ ہے بہ تفصیل
اللہ نے کثرت سے کیا ذکرِ محمدﷺ
یہ اسمِ مبارک اُسے بھایا ہے بہ تفصیل
باعث ہیں جو تخلیقِ جہاں کے وہ بہ اجمال
لولاك لما ایک کنایہ ہے بہ تفصیل
دنیا میں ہر اک شخص نے جو کچھ بھی ہے پایا
آقاؐ کی وساطت ہی سے پایا ہے بہ تفصیل
خالق کے ہیں محبوب تو کونین کے مالک
مخلوق تمام اُنؐ کی رعایا ہے بہ تفصیل
ممدوح خداوند نے پیروؤں کو اپنے
دنیا کے علائق سے بچایا ہے بہ تفصیل
آقاؐ نے ہمیں نفس کے عرفاں سے نوازا
اللّٰہ سے بندوں کو ملایا ہے بہ تفصیل
تلخیص ہے توحید کی ، تشریحِ رسالت
سرکارؐ کی سیرت نے بتایا ہے بہ تفصیل
شب، مسجدِ اقصیٰ کا سفر، عرش معلٰی
محبوبؐ کو خالق نے ملایا ہے بہ تفصیل
یہ ذکرِ حسیں سنت خلاقِ جہاں ہے
قرآن میں ذکر آپؐ کا آیا ہے بہ تفصیل
محمود نے سرکارؐ کے گل ہائے کرم کو
احساس کے گلداں میں سجایا ہے بہ تفصیل
راجا رشید محمود
No comments:
Post a Comment