عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
ناز کر ناز کہ ہے اُنؐ کے طلبگاروں میں
کم کسی سے نہیں نعمت یہ گنہگاروں میں
ہر طرف تم ہی نظر آئے ہو نظاروں میں
اس طرح بس گئے ہو تم مِرے افکاروں میں
ہجر کی آگ کسوٹی ہے محبت والوں
بُوالہوس رہ نہیں سکتے کبھی انگاروں میں
قُربتِ شہرِ مدینہ کی یہی ہے صُورت
ہم کو چُن دے کوئی اس شہر کی دیواروں میں
شوق پورا ہو ہماری بھی غلامی کا اگر
ہم بھی بک جائیں تِرےؐ نام پہ بازاروں میں
ہیں اِدھر اشکِ ندامت تو اُدھر زہد پر ناز
بس یہی فرق ہے زاہد میں گنہگاروں میں
جب بھی ہوتی ہے نظر سوئے غریباں اُنؐ کی
پُھول کِھل جاتے ہیں کچھ نعت کے اشعاروں میں
دل کے چھالوں کا ہے پانی مِری آنکھوں میں ادیب
ہجر کا پُھول ہوں، مسکن ہے مِرا خاروں میں
ادیب رائے پوری
No comments:
Post a Comment