Wednesday, 29 May 2024

آپ پر جو نثار ہو جائے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


آپ پر جو نثار ہو جائے

دہر میں با وقار ہو جائے

مجھ سے دیوانِ نعتِ پاک رقم

کم سے کم تین چار ہو جائے

نقشِ پا پر لٹاؤں ماہ و نجوم

کاش یہ اختیار ہو جائے

بے قراری کو ان کے روضے پر

ایک پل کو قرار ہو جائے

عشق سرکارﷺ کا تقاضا ہے

ان کی سیرت سے پیار ہو جائے

ابرِ لطفِ رسولِ پاکﷺ مری

زندگی پر بہار ہو جائے

نعت لکھنا، سنانا اور سننا

فکر و فن کا شعار ہو جائے

یا نبیﷺ میرے جینے مرنے کا

آپﷺ پر انحصار ہو جائے

عید کی عید کرنے دیدِ نبیﷺ

ساعتِ احتضار ہو جائے

سرورِ دو جہاں کے عشق کا تیر

قلبِ مضطر کے پار ہو جائے

سبز گنبد کے گرد ایک طواف

میرا پروانہ وار ہو جائے

جن کو دنیا سگانِ طیبہ کہے

ان میں میرا شمار ہو جائے

بادِ طیبہ سے حالِ دل میں کہوں

یہ مری رازدار ہو جائے

میم حا میم دال سے فردوس

دل میں نقش و نگار ہو جائے


فردوس فاطمہ اشرفی

No comments:

Post a Comment