Wednesday, 29 May 2024

تپش سے بھری دیواریں

 تپش سے بھری دیواریں


جی چاہتا ہے تپش سے بھری

دیوار کے سائے میں لیٹی بلی کو ایک واقعہ سناؤں

ان دنوں کا واقعہ جب کہانی

دلبرداشتہ ہو کر منڈیر سے باہر نہیں کُودتی تھی

کہانی گھاس کے اس تنکے سے

بھی ہمکلام ہوتی تھی جو انجانے

میں کسی مُسافر کے پاؤں میں چُبھ کر پشیماں رہتا تھا

کہانی آئینے میں سوتی جاگتی 

اور پھر نیا رُوپ لے کر اس کے

سنگ ہو جاتی تھی جہاں ہو بہو

تصور نما یزداں رہتا تھا

کہانی بیاہتا عورت کے کانوں کی

بالی بن کر موتیے کے پھول کی طرح مہکتی تھی

کہانی کپڑے کی اس سلائی میں

ساتھ ساتھ سِلتی تھی جو ایک

شبیہہ اپنے ہمزاد کے لیے سیتی تھی

یہ ان دِنوں کا واقعہ ہے جب

دیواریں تپش روک کر آنگن میں

بیٹھے ایک لڑکے کو اپنے سائے میں پناہ دیتی تھیں

خوابوں سے تراشیدہ اس لڑکے

کے کشیدہ ململ کے کرتے پر

تین سنہری بٹن کہانی سے چھپتے تھے

اس کے پاؤں سے لمبی دوپہروں

کے سائے لپٹ کر کہانی کی سن گن لیتے تھے

یہ ان دِنوں کا واقعہ ہے جب

تپش بھری دیواروں کی اوٹ سے

دو سیاہ آنکھیں جھانکتی تھیں

کہانی کو بہلا کر ایک کٹورا

ٹھنڈے پانی کا مانگتی تھیں


سارا احمد

No comments:

Post a Comment