Tuesday, 28 May 2024

نبی جی کو اک نعت سوغات دینے کا وعدہ

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت

نعت سوغات


بہت دن سے میں نے

بدن کو کھجور اور پانی سوا

سب کے سب ذائقوں سے

بہت دور رکھا ہوا تھا

خیالوں کو غار حرا کے اجالوں میں

رہنے کی تاکید کی تھی 

لہو سے کہا تھا

تُو طائف کی مٹی کو چُھونا

ضیاء لے کے آنا

محبت سے حسانؓ کے دل میں رہنے

اور آداب شعر و سخن سیکھ آنے کا وعدہ لیا تھا

صدا کو اذان بلالیؓ کی دُھن میں روانہ کیا تھا

غنیؓ و اویسؓ و عمرؓ کے مکانوں میں

پلکوں کو جھاڑو لگانے

اور آنکھوں کو کچرا اٹھانے کے

میں نے فرائض دئیے تھے

بہت دن تلک میں نے باب علوم نبیؐ پر

شعور اور دانش کے دربان دونوں

کھڑے کر دئیے تھے

زمینوں کو اپنے تخیل مطابق کشادہ کیا تھا

سب الفاظ زم زم میں رکھے ہوئے تھے

بہت دن سے میں نے ارادہ کیا تھا

نبیؐ جی کو اک نعت سوغات دینے کا وعدہ کیا تھا


دانیال طریر

No comments:

Post a Comment