Monday, 27 May 2024

جب مصطفیٰ کے شہر میں چھاتی ہے چاندنی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


جب مصطفیٰؐ کے شہر میں چھاتی ہے چاندنی

صلِّ علیٰﷺ کا نغمہ سناتی ہے چاندنی

سینہ مِرا مدینہ بناتی ہے چاندنی

عشقِ نبیؐ کی جوت جگاتی ہے چاندنی

ممکن نہیں کہ چاند میں ہو ایسی روشنی

دنداں سے ان کے چھن کے جو آتی ہے چاندنی

ماہِ عربﷺ کے چہرۂ زیبا کو دیکھ کر

شرم و حیا سے منہ کو چھپاتی ہے چاندنی

مت کر مِرا موازنہ گنبد کے نور سے

پیغام یہ جہاں کو بتاتی ہے چاندنی

روشن جہاں کو نور سے کر دينے کے لیے

خیرات تیرے نور سے پاتی ہے چاندنی

شہرِ رسول پاکؐ کے جلووں کو دیکھ کر

سو بار اپنی جان لُٹاتی ہے چاندنی

فردوس اس کو دیکھے بھلا کیوں نہ بار بار

دیدار جب کہ روضے کا پاتی ہے چاندنی


فردوس فاطمہ اشرفی

No comments:

Post a Comment