Wednesday, 29 May 2024

اس لیے دربار تک آنے میں کچھ تاخیر کی

 اس لیے دربار تک آنے میں کچھ تاخیر کی

جان نکلی جا رہی تھی پاؤں میں زنجیر کی

اس جگہ پر بددعائیں دفن ہیں زیرِ زمیں

جس جگہ پر سانس رکتی ہے تری جاگیر کی

مار ڈالوں گا تری گریہ و زاری کی قسم

اے مرے یوسف بتا کس نے تری تحقیر کی؟

آج یاد آئی بہت ساون کی بارش اور تو

دیر تک بجتی رہی پائل تری تصویر کی

ہار تجھ کو مان لینا چاہیے تھی اس گھڑی

جب مری رگ سے کٹی گردن تری شمشیر کی

میں نے سینے پر لیا ہے اور تم میرے نصیر

بس صدا سنتے رہے تھے سنسناتے تیر کی


نصیر بلوچ

No comments:

Post a Comment