عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
ایک دو گل نہیں سارا ہی گلستان گیا
کربلا آج مرا تیری طرف دھیان گیا
نام ابو بکر ہو جس کا وہ پہل کرتا ہے
سب سے پہلے بھی ابوبکر ہی قربان گیا
لوگ کہتے ہیں عمر نام کے دو بیٹے تھے
اک وہاں تھا نہیں اور ایک کفن تان گیا
لشکرِ غیر میں بلوائی نظر آنے لگے
رن میں لڑنے کے لیے جیسے ہی عثمان گیا
والدِ سرور عالمﷺ کا گرا تھا ہم نام
شاخ سے نخل کی جڑ تک تھا یہ خلجان گیا
اور پھر جعفر طیار کی نسبت والا
خوں نہاتے ہوئے، بابا کے پرستان گیا
غیب سے آئی صدا جیسے ہی عباسؑ گرے
ساقئ کوثر و تسنیم کا مہمان گیا
نہ رہا کوئی بھی لاشوں کو اٹھانے والا
عصر کا وقت تھا جب عصر کا سلطان گیا
کربلا آج مرا تیری طرف دھیان گیا
ایک دو گل نہیں سارا ہی گلستان گیا
ابوالحسن خاور
No comments:
Post a Comment