Thursday, 10 December 2015

آرزو وصل کی اس دن دل مضطر نکلے

آرزو وصل کی اوس دن دلِ مضطر نکلے
سینۂ یار سے گر کینۂ کافر نکلے
ہم ازل سے برا لے کے مقدر نکلے
ہات دولت پہ جہاں ڈالا ہے پتھر نکلے
بوند یہی حوض میں باقی رہے کہنا کم ظرف
ہم اگر تشنۂ صہبا سوئے کوثر نکلے
کہتے ہو غیر سے کچھ ربط نہیں ہے ہم سے
خیر سچ ہو یہی پر شک میرا کیونکر نکلے
آج سمجھے نہیں تقدیر میں وصلِ معشوق
حرفِ تقدیر سے کم حرفِ مقدر نکلے
دیکھ لینا کسی تقدیر سے تقدیر ملے
غیر جب انجمنِ یار سے باہر نکلے
جس کے ہم کشتۂ انداز تھے بارے وہ بھی
ابروئے غیر کی خود کشتۂ خنجر نکلے
حوصلہ عشق کا جب تک نہیں نکلے گا جنوں
چاک دامن کا گریباں کے برابر نکلے
دوست دشمن کی بھی تفریق نہ کی کاتب نے
عشق کی مد میں لکھے دونوں برابر نکلے
آؤ ملوائیں تمہیں دوست سے چل کر راقمؔ
دل کو تم تھام لو، ایسا نہ ہو مضطر نکلے

راقم دہلوی

No comments:

Post a Comment