Monday, 25 January 2016

خون دل سے کشت غم کو سینچتا رہتا ہوں میں

خونِ دل سے کشتِ غم کو سینچتا رہتا ہوں میں
خالی کاغذ پر لکیریں کھینچتا رہتا ہوں میں
آج سے مجھ پر مکمل ہو گیا دِینِ فِراق
ہاں تصور میں بھی اب تجھ سے جدا رہتا ہوں میں
تُو دیار حسن ہے، اونچی رہے تیری فصیل
میں ہوں دروازہ محبت کا، کھلا رہتا ہوں میں
شام تک کھینچے لیے پھرتے ہیں اس دنیا کے کام
صبح تک فرشِ نِدامت پر پڑا رہتا ہوں میں
ہاں کبھی مجھ پر بھی ہو جاتا ہے موسم کا اثر
ہاں کسی دن شاکئ آب و ہوا رہتا ہوں میں
اہلِ دنیا سے تعلق قطع ہوتا ہی نہیں
بھول جانے پر بھی صورت آشنا رہتا ہوں میں

احمد مشتاق

No comments:

Post a Comment