Thursday, 4 February 2016

پھول کی طرح برستے ہیں ترے شہر کے لوگ

پھول کی طرح برستے ہیں تِرے شہر کے لوگ
یا مِرے حال پہ ہنستے ہیں تِرے شہر کے لوگ
کچھ تو احساس انہیں اپنی ملاقات کا ہے
ہم پہ آواز تو کستے ہیں تِرے شہر کے لوگ
میں بھٹکتا ہوں تِرے شہر کی ان سڑکوں پر
اور اس شہر میں بستے ہیں تِرے شہر کے لوگ
جب زباں چلتی ہے، نشتر کا گماں ہوتا ہے
بات کرتے ہیں کہ ڈستے ہیں تِرے شہر کے لوگ
تیرا پیکر ہے کہ خواہش کا ابھرتا سورج
دھوپ میں جس کی جھلستے ہیں تِرے شہر کے لوگ
میں تو خیر ایک مسافر ہوں، مِرا ذکر ہی کیا
تیری صورت کو ترستے ہیں تِرے شہر کے لوگ
اجنبی آج بھی لگتا ہے تُو اِن کو شاہدؔ
کیسے بھولے ہوئے رستے ہیں تِرے شہر کے لوگ

شاہد کبیر 

No comments:

Post a Comment