Thursday, 4 February 2016

یہ انتہائے جنوں ہے کہ غیر ہی سا لگا

یہ انتہائے جنوں ہے کہ غیر ہی سا لگا
جو آشنا تھا کبھی،۔ آج اجنبی سا لگا
وہ ایک سایہ جو بے حس تھا مردہ کی مانند
قریب آیا،۔ تو اک عکسِ زندگی سا لگا
خود اپنی لاش لیے پھر رہا تھا کاندھوں پر 
وہ آدمی تو نہ تھا، پھر بھی آدمی سا لگا
وہ اک وجود، پالے ہوئے تھا سانپوں کو 
نظر کی زد میں جو آیا تو بانسری سا لگا 
تمام عمر جسے پیکِ دوستی سمجھا 
ہوا جو تجربہ، وہ نقش دشمنی سا لگا 
وہ ایک کربِ مسلسل، جو دل جلاتا تھا 
تم آ کے پاس جو بیٹھے تو سرخوشی سا لگا
بظاہر ایک ہی چہرہ تھا سامنے، لیکن 
کبھی کسی کا لگا، تو کبھی کسی کا لگا 

صادق اندوری

No comments:

Post a Comment