Monday, 2 May 2016

کیا توقع کرے کوئی ہم سے

کیا توقع کرے کوئی ہم سے
اک محبت نہ ہو سکی ہم سے
بات اس کم سخن کی کرتے ہیں
چھِن نہ جائے سخن وری ہم سے
باغ ایسا اتر گیا دل میں
پھر وہ کھڑکی نہیں کھلی ہم سے
اب کہاں ہے وہ خواب سی صورت
اس میں جو بات تھی، وہ تھی ہم سے
چاک دل کا بہت نمایاں ہے
کون سیکھے رفوگری ہم سے
ہمسفر تھا غبارِ راہِ فنا
ابر سمجھے جسے کئی ہم سے
دشتِ امکاں میں دور تک عادلؔ
فصلِ کُن ہے ہری بھری ہم سے

ذوالفقار عادل

No comments:

Post a Comment