Thursday, 4 August 2016

ان لبوں کی یاد میں داغ دل دیوانہ ہے

ان لبوں کی یاد میں داغِ دل دیوانہ ہے
آتشِ یاقوت سے روشن چراغِ خانہ ہے
پھر بہار آئی کفِ ہر شاخ پر پیمانہ ہے
ہر روش میں جلوۂ بادِ صبا مستانہ ہے
ہر بگولے میں عیاں اک لغزشِ مستانہ ہے
گردش چشمِ غزالاں، گردشِ پیمانہ ہے
ہے بساں شمع روشن ہر چراغِ چشمِ غول
ہو چکا ہے با رہا آباد جو ویرانہ ہے
سرخوشی ممکن نہیں جب تک نہ چھلکے جامِ عمر
یہ خراباتِ جہاں بھی روزئ مے خانہ ہے
دیکھتے تھے کل جنہیں آنکھوں سے ہم اے غافلو
آج ان کا اپنے کانوں کے لیے افسانہ ہے
محو ایسے خانۂ رنگیں میں مہماں ہو گئے
یہ نہیں ثابت کسی پر کون صاحبِ خانہ ہے
شہر دم میں ہوتے ہیں آباد جن کے حکم سے
ایک دن ان کے لیے بھی گوشۂ ویرانہ ہے
آج ہے جس کے قدم سے رونقِ باغِ جہاں
کل وہی رخصت برنگِ سبزۂ بے گانہ ہے
اپنے کاموں میں رہو مشغول تم اے غافلو
اس کی باتوں پر نہ جاؤ ناسخؔ اک دیوانہ ہے

امام بخش ناسخ

No comments:

Post a Comment