Friday, 21 October 2016

دعاؤں کے دیے جب جل رہے تھے

دعاؤں کے دِیے جب جل رہے تھے
مِرے غم آنسوؤں میں ڈھل رہے تھے
کسی نیکی کا سایہ تھا سروں پر
جو لمحے آفتوں کے ٹل رہے تھے
ہوا احساس یہ آدھی صدی بعد
یہاں پر صرف رستے چل رہے تھے
وطن کی عظمتوں کو ڈسنے والے
وطن کی آستیں میں پل رہے تھے
بہت نزدیک تھی منزل ہماری
مگر سب راستے دلدل رہے تھے
نہیں بدلے ابھی منصف یہاں کے
وہی ہیں فیصلے جو کل رہے تھے
جہاں فیضانؔ آبادی بہت ہے
وہاں پر بھی گھنے جنگل رہے تھے

فیضان عارف

No comments:

Post a Comment