Sunday 29 January 2017

اے میرے دیس کب تو جاگے گا

اے میرے دیس کب تُو جاگے گا
اے میرے دیس کب تو بدلے گا
کب یہ سوچے گا تُو بنا تھا کیوں
کب تُو دیکھے گا کیا بنا تیرا
کب تلک دلفریب نعروں میں 
موت رقصاں رہے گی گلیوں میں
کب تلک جو دیا جلائیں گے
آگ گھر کو وہ خود لگائے گا
کب تلک جو بھی تخت پہ ہو گا 
تجھ کو بیچے گا تجھ کو کھائے گا
ہم یہاں آستیں کے سانپوں کو
کب تلک دودھ خود پلائیں گے
کب تلک قاتلوں کی نسلوں کو 
اپنی جاں دے کے ہم بچاٰئیں گے
کب تُو غیروں کا ہاتھ چھوڑے گا
کب تُو اپنوں کی راہ پہ جائے گا
کب تُو خود ساختہ خداؤں کو
اپنی شمشیر سے مٹائے گا
کب نہ ماؤں کی گود اجڑے گی
کب نہ مظلوم سر کٹائے گا
کب تو روندے گا سارے ننگِ وطن 
کب تُو غدار سب مٹائے گا
کب تلک راج ان کو دے گا تُو
تجھ سے وعدہ جو ہر نبھائیں گے
جن میں روح محمدیﷺ ہو گی
دلِ مسلم کو جو گرمائیں گے
جو کہیں گے یہ ملک اللہ کا
جو کہیں گے نظام اللہ کا
جو ترے لڑتے مرتے لوگوں کو
ایک ہی قوم پھر بنائیں گے
اے میرے دیس! یاد رکھنا تُو
اب کوئی بھول پھر نہ ہو جائے
پھر کوئی شُول، گُل کے دھوکے میں
اپنے آنگن میں نہ سجا ڈالیں
کسی دشمن کی سوچ کو پھر سے
سوچ اپنی نہ ہم بنا ڈالیں
گر ہوا یوں تو یاد یہ رکھنا 
ہمیں قدرت بھی پھر سزا دے گی
مسکرائیں گے میر جعفر سب
سارے ٹیپو بنیں گے خاک تیری
جیسے بھولے ہیں آج ہم خود کو
ساری دنیا بھی یہ بھلا دے گی
اس سے پہلے کہ یہ قیامت ہو
مجھ سے اے دیس میرے وعدہ کر
اب تو سوچے گا اپنے بارے میں 
اب تو سب ظلمتیں مٹائے گا
اب ترے فیصلے تیرے ہوں گے
اب یہاں دور تیرا آئے گا
ہم بھی وعدہ یہ تجھ سے کرتے ہیں
اب نہ خود کو جدا کریں تجھ سے
تُو جو چاہے تو سب لٹائیں ہم
تُو جو مانگے تو جان تک دیں گے
میری آنکھوں کا خواب تُو ہو گا
تیری گلیوں کی خاک ہم ہوں گے
اے میرے دیس کب تُو جاگے گا
اے میرے دیس کب تُو بدلے گا

اتباف ابرک

No comments:

Post a Comment