Friday 31 July 2020

پھر آج دل سے لگا بیٹھے نام برتے ہوئے

خرد سے بارِ دِگر انحراف کرتے ہُوئے
پھر آج دل سے لگا بیٹھے نام برتے ہوئے
یہ رائیگانئ دل خلق پر نہ کھُل جائے
سمیٹ لینا مِرے جسم و جاں بکھرتے ہوئے
جو محوِ رقص رہے رنگ و نور کے چو گِرد
بکھر گئے تِری لَو کا طواف کرتے ہوئے
وہ تختِ جاں تھا جہاں تیری تاج پوشی کی
سو کس جگر سے تجھے دیکھ لوں اترتے ہوئے
ہُوا تھا حکمِ سفر، دِل مگر تھا رُو گرداں
سو رِہ میں بیٹھ رہے، دل پہ دوش دھرتے ہوئے
تمہارے نام کے ہِجے سنوار کر، اس میں
اب اپنا نام ملائیں گے، رنگ بھرتے ہوئے
جنوں پہ طعن کریں پارسائی کے واعظ
ہوس کے کوچۂ رنگین سے گزرتے ہوئے
سحر قریب ہوئی، آؤ آنکھ میں بھر لیں
یہ پارہ پارہ تمنائیں، خواب مرتے ہوئے

سیماب ظفر

No comments:

Post a Comment