Monday, 19 October 2020

بانسری درد کی جب سوز جگائے گی بہت

 بانسری درد کی جب سوز جگائے گی بہت

رات بھر تم کو مِری یاد ستائے گی بہت

یہ جو ہر سمت خموشی ہے اِسے مت چھیڑو

یہ اگر بول پڑے گی تو سنائے گی بہت

صورتِ خواب تمہیں دل میں بسائے رکھا

ہم کو اس خواب کی تعبیر رلائے گی بہت

میں نے مانگی ہے ستاروں سے چمکنے کی اَدا

جوت آنکھوں کی مِری تم کو جگائے گی بہت

کلمۂ شکر میں نامِ غمِ تنہائی کروں

دمِ آخر یہ مِرا ساتھ نبھائے گی بہت

جو غزل آج سنواری ہے تِری خوشبو سے

بعد مرنے کے مِری یاد دلائے گی بہت

اہلِ دنیا کو نہ معصوم سمجھنا رضیہ

لوحِ دنیا یہ تمہیں لکھ کے مٹائے گی بہت


رضیہ سبحان

No comments:

Post a Comment