Thursday, 22 October 2020

مسلسل آگ میں اک آگ سے لگی ہوئی ہے

 مسلسل آگ میں اک آگ سے لگی ہوئی ہے

یہ 'میں' جو راکھ بنی ہے تو روشنی ہوئی ہے

رُکا نہیں کسی منزل پہ کاروانِ سفر

ازل سے خون میں تحریک سی چلی ہوئی ہے

خمیرِ تخم میں رکھی ہوئی حسیں خواہش

گلاب بن کے ہر ایک شاخ پر کھلی ہوئی ہے

پڑا ہوں جسم کے سانچے میں ہجر اپنا لیے

مجھے یہ عمر کہیں ڈھونڈنے گئی ہوئی ہے

فصیل و در مجھے حیرت سے تکتے رہتے ہیں

کسی دریچے سے کیا میری دوستی ہوئی ہے

یہ سرخ و تازہ گُلوں سے بھری ہوئی ٹہنی

مِرے بدن کا لہو پی کے ہی بڑی ہوئی ہے


سلیم فگار

No comments:

Post a Comment