Sunday, 27 December 2020

زباں کا منہ میں اک ٹکڑا سا جو بیکار رکھا ہے

 یادوں کا سنسار


زباں کا منہ میں اک ٹکڑا سا جو بےکار رکھا ہے

یہ میرا ظرف ہے لب پر نہ کچھ اظہار رکھا ہے

مِرے اپنوں نے ہی مجھ کو حقارت سے ہے ٹھکرایا

کہوں کیا دل میں شکووں کا بس اک انبار رکھا ہے

یہ سوچا تھا محل سپنوں کا ہی تعمِیر کر لیں گے

مگر تم نے ہمیشہ کو روا انکار رکھا ہے

چلو تسلیم کر لیتے ہیں، تم نے جو کِیا اچھا

کہاں اجڑی ہوئی یادوں کا وہ سنسار رکھا ہے

مبارک ہو تمہیں اک ہمسفر کا ہمسفر ہونا

نئے ساتھی کا اب کے نام کیا 'سرکار' رکھا ہے

سدا مسرور رکھا ہے جسے شِیریں سخنی سے

اسی کے تلخ لہجوں نے مجھے آزار رکھا ہے 

اگرچہ فاصلے ہیں بیچ میں حائل مگر حسرت

تمہاری یاد سے دِل کو گل و گلزار رکھا ہے


رشید حسرت

No comments:

Post a Comment