Friday, 29 January 2021

چشم حیرت کو تعلق کی فضا تک لے گیا

 چشمِ حیرت کو تعلق کی فضا تک لے گیا

کوئی خوابوں سے مجھے دشتِ بلا تک لے گیا

ٹوٹتی پرچھائیوں کے شہر میں تنہا ہوں اب

حادثوں کا سلسلہ غم آشنا تک لے گیا

دھوپ دیواروں پہ چڑھ کر دیکھتی ہی رہ گئی

کون سورج کو اندھیروں کی گپھا تک لے گیا

عمر بھر ملنے نہیں دیتی ہیں اب تو رنجشیں

وقت ہم سے روٹھ جانے کی ادا تک لے گیا

اس قدر گہری اداسی کا سبب کھلتا نہیں

جیسے ہونٹوں سے کوئی حرفِ دعا تک لے گیا

جانے کس امید پر اک آرزو کا سلسلہ

مجھ سے پیہم دور ہوتی اک صدا تک لے گیا

خاک میں ملتے ہوئے برگِ خزاں سے پوچھیے

کون شاخوں سے اسے اونچی ہوا تک لے گیا


فصیح اکمل

No comments:

Post a Comment