Friday, 29 January 2021

جس قدر قلب کی تسکین کے ساماں ہوں گے

 جس قدر قلب کی تسکین کے ساماں ہوں گے

کرب افزائے سکون غمِ ہجراں ہوں گے

عرصۂ حشر میں جو عشق کا عنواں ہوں گے

میری ہی خاک کے اجزائے پریشاں ہوں گے

اشک معصوم جو خمیازۂ عصیاں ہوں گے

وہ بھی منجملۂ سرمایۂ ایماں ہوں گے

میرے ارماں تو نہ منت کش جاناں ہوں گے

دل سے نکلیں گے تو وہ غیر کے ارماں ہوں گے

کہنے سننے سے وہ تکلیف عیادت نہ کریں

عیسیٔ وقت ہیں آ کر بھی پشیماں ہوں گے

دل میں رہ رہ کے کھٹکتے جو ہیں کانٹوں کی طرح

غالباً آپ کے کھوئے ہوئے پیکاں ہوں گے

حاصل عشق و محبت غمِ ہجراں نہ سہی

وہ کسی شوخ کے بھولے ہوئے پیماں ہوں گے

لاکھ آزاد سہی حضرتِ طالب، لیکن

آپ بھی قائل مجبورئ انساں ہوں گے


طالب باغپتی

No comments:

Post a Comment