رنجِ متروک نِگل، اور نِکل
صبر کر، تُھوک نگل، اور نکل
غور سے دیکھ اسے آخری بار
اے دلا! ہُوک نگل، اور نکل
عشق میں کارِ ہوس؟ استغفار
جسم کی بُھوک نگل، اور نکل
شور مت کر کہ نہ تعبیر جگے
خواب کی کُوک نگل، اور نکل
غلطی ہو گئی جینے والی
خیر، اب چُوک نگل، اور نکل
احمد کامران
No comments:
Post a Comment