Saturday 27 March 2021

عشق میں ہر تمنائے قلب حزیں سرخ آنسو بہائے تو میں کیا کروں

 عشق میں ہر تمنائے قلبِ حزیں سرخ آنسو بہائے تو میں کیا کروں

نا امیدی ہمہ وقت امید کے حاشیوں کو مٹائے تو میں کیا کروں

اس کے رخسار صبح درخشاں سہی اس کی زلفوں میں شام غریباں سہی

دھوپ اور چھاؤں کی طرح وہ خود نگر سامنے میرے آئے تو میں کیا کروں

وہ الگ میں الگ وہ کہیں ہیں کہیں واقعی یہ تو شایانِ الفت نہیں

وہ ادا آشنا، حسنِ ناز آفریں، بے نیازی دکھائے تو میں کیا کروں

ہے سفینے کا میرے محافظ خدا، نا خدا بھی مددگار ہے اب مِرا

یہ بھی مانا کہ ہے اب موافق ہوا، دل ہی جب ڈوب جائے تو میں کیا کروں

آہ، سوزاں کا الفت میں یارا نہیں، تجھ پہ آنچ آئے مطلق گوارا نہیں

اڑ کے چنگاریاں آتش وقت کی، تیرا دامن جلائے تو میں کیا کروں

کون سا غم ہے جس کا مداوا نہیں، کون سا درد ہے جس کا چارا نہیں

عشق کو غم ہو پیارا تو کیا کیجیئے، درد ہی دل کو بھائے تو میں کیا کروں

کام جو رہنما کا تھا میں نے کیا، اس کی منزل کا اس کو پتہ بھی دیا

پھر بھی طرفؔہ کوئی رہروِ کم نظر راستہ بھول جائے تو میں کیا کروں


طرفہ قریشی

No comments:

Post a Comment