Saturday, 27 March 2021

سخن کا اس سے یارا بھی نہیں ہے

 سخن کا اس سے یارا بھی نہیں ہے

سخن کے بِن گزارا بھی نہیں ہے

بیاں شعروں میں ہم کرتے ہیں جتنا

وہ اس درجہ تو پیارا بھی نہیں ہے

بہت شکوے ہیں اس کو زندگی سے

مگر مرنا گوارا بھی نہیں ہے

نظر میں جتنی حیرانی ہے، اتنا

انوکھا تو نظارہ بھی نہیں ہے

لباسِ جاں تجھے واپس تو دے دوں

مگر اک قرض اتارا بھی نہیں ہے

نکل آئے دلِ ویراں کی جانب

کوئی قسمت کا مارا بھی نہیں ہے

سہارا اس کا لینا پڑ گیا ہے

جو خود اپنا سہارا بھی نہیں ہے

جسے ذیشان بڑھ کر روکنا تھا

اسے میں نے پکارا بھی نہیں ہے


ذیشان الٰہی

No comments:

Post a Comment