مل چکی ہے دلیل، ہوتے ہیں
کچھ کبوتر بھی چیل ہوتے ہیں
عشق میں انتظار کے لمحے
مختصر بھی طویل ہوتے ہیں
دیکھ لینا کبھی جو وقت ملے
ماں کے ہاتھوں پہ نیل ہوتے ہیں
جب ابابیل بھیجتا ہے خدا
قتل کنکر سے فیل ہوتے ہیں
عزتوں کو اچھالنے والے
خود بھی اک دن ذلیل ہوتے ہیں
آپ جیسا اگر مسیحا ہو
ہم خوشی سے علیل ہوتے ہیں
بے وفاؤں کے شہر میں تنہا
مسلم ابنِ عقیل ہوتے ہیں
رضا حیدری
No comments:
Post a Comment