Wednesday, 30 June 2021

شب غم میں چھائی گھٹا کالی کالی

 شب غم میں چھائی گھٹا کالی کالی

جھُکی ہے بلا پر بلا کالی کالی

ڈٹے مل کے رِندِ سیہ مست جس دم

جھُکی مے کدے پر گھٹا کالی کالی

شبِ ماہ میں وہ پھرے بال کھولے

ہوئی چاندنی جا بجا کالی کالی

کھُلی سب پر آخر تِری گرم دستی

ہوئی کھولتے ہی حنا کا کالی کالی

لنڈھا دے مے سرخ تو اب تو ساقی

گھٹا اُٹھی ہے دیکھ کیا کالی کالی

ہوئے ہیں سیہ بخت برباد لاکھوں

اُٹھیں آندھیاں بارہا کالی کالی

بخاراتِ دل آہ پر چھا گئے ہیں

گھٹا ہے بروئے ہوا کالی کالی

سیہ نامۂ قدر محشر میں نکلا

اُٹھی دھوپ میں اک گھٹا کالی کالی


قدر بلگرامی

No comments:

Post a Comment