عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
مجھ کو مرنے میں بھی جینے کو قرینہ چاہیے
لطفِ محبوبِﷺ خدا خاکِ مدینہ چاہیے
آئینے پر دل کے ہو نورِ محمدﷺ کی جِلا
جو قیامت تک چلے ایسا سفینہ چاہیے
جلوۂ سرکارؐ تو نظروں کا مسکن ہے مگر
چشمِ بینا چاہیے،۔ ہاں چشمِ بینا چاہیے
بحرِ عصیاں کے تلاطم کی ہمیں پروا نہیں
یا محمدﷺ یا محمدﷺ کا سفینہ چاہیے
تیرگئ قبر سے پھوٹیں گی کرنیں نور کی
ہم کو نامِ مصطفیٰﷺ کا اک نگینہ چاہیے
عیسئٰ مریم سے بھی اُس کی دوا ممکن نہیں
ہر گھڑی پیشِ نظر جس کو مدینہ چاہیے
ہر گھڑی اُن کا تصور ہر نظر اُنؐ کا خیال
عاشقوں کو اُنؐ کے اس صورت سے جینا چاہیے
دامنِ عشقِ محمدﷺ میں ملی چھانی ہوئی
میں ہوں میکش مجھ کو عارف جام و مینا چاہیے
عارف اکبرآبادی
No comments:
Post a Comment