Tuesday, 23 December 2025

غریبوں پر کریں احسان آقا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


غریبوں پر کریں احسان آقاﷺ

ہمارے بھی بنیں مہمان آقاﷺ

ہمارے گھر کبھی تشریف لائیں

بنے گلشن یہ ریگستان آقاﷺ

دو عالم پر ہے جس کی بادشاہی

کہاں ہے آپﷺ سا سلطان آقاﷺ

زمانے میں جہاں بھی روشنی ہے

ہے سارا آپﷺ کا فیضان آقاﷺ

وہ جس نے آپﷺ کو راضی کیا ہے

اُسی پر خوش ہوا رحمان آقاﷺ

نہیں کچھ آپﷺ  سے بڑھ کر نہیں ہے

مِری اولاد مال و جان آقاﷺ

کرم سے آپ کے میری لحد میں

کھلے جنت کا روشندان آقاﷺ

جسے کہتی ہے دنیا نعت گوئی

مِری بخشش کا ہے سامان آقاﷺ

بچا لیجے تباہی سے اب اس کو

دہانے پر ہے پاکستان آقاﷺ

ثناء کا حق ادا ہوتا نہیں ہے 

میں جتنے بھی لکھوں دیوان آقاﷺ

کرم فرمائیے تنہا پہ اب تو

حضوری کا بنے امکان آقاﷺ


محمد عمران تنہا

No comments:

Post a Comment