Saturday, 27 December 2025

نظر میں ہے در خیرالوریٰ بحمداللہ

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


نظر میں ہے درِ خیرالوریٰ بحمداللہ

قبول ہو گئی میری دُعا بحمداللہ

چلی ہے ان کے کرم کی ہوا بحمد اللہ

ہر ایک سانس ہے محوِ ثناء بحمد اللہ

درِ حضورؐ پر جب بھی دعا کو لب کھولے

ملا ہے مجھ کو طلب سے سوا بحمداللہ

یہی ہے میرا اثاثہ، یہی مِری پونجی

نبیؐ کی نعت ہے سب کچھ مِرا، بحمد اللہ

بسی ہوئی ہے وہاں آج بھی مہک انؐ کی

میں دیکھ آیا ہوں غارِ حِرا، بحمد اللہ

ہم اہلِ نعت کا شام و سحر یہی معمول

کبھی ثناء کبھی حمدِ خُدا، بحمد اللہ

نبیؐ کی نعت کا موسم ہے شاخِ ہستی پر

گُلِ خیال ہے مہکا ہوا، بحمد اللہ

میں اس کرم کے تصدّق، میں اس عطا پہ نثار

میرا نصیب ہے مدح و ثناء بحمد اللہ

فضائے فکر کو رکھتا ہے مشکبو سرور

خیال نعت ہے مثل صباء بحمد اللہ


سرور حسین نقشبندی

No comments:

Post a Comment