Sunday, 21 December 2025

سر جھکاؤں کس طرح دستار ہے اپنی جگہ

 سر جھکاؤں کس طرح دستار ہے اپنی جگہ

بات ہے کردار کی کردار ہے اپنی جگہ

آہ مفلس کی یقیناً رنگ لائے گی ضرور

ظلم پر آمادہ گو زردار ہے اپنی جگہ

بھائی بٹوارہ یہ ہے گھر بار کا، دل کا نہیں

گرچہ آنگن بیچ کی دیوار ہے اپنی جگہ

ایک بیوہ جیسے گُل مُرجھائے کوئی دفعتاً

پھولتا پھلتا مگر گلزار ہے اپنی جگہ

اس نے کیا سوچا کسی معصوم کا دل توڑ کر

پیار سے محروم کیوں حقدار ہے اپنی جگہ

ہر کسی مسلک میں ملتے ہیں ہزاروں تاجدار

دونوں عالم کا مگر سردارؐ ہے اپنی جگہ

ہے نظامِ زر وہی اور اس کے ہتھکنڈے وہی

ظُلم سہنے کے لیے نادار ہے اپنی جگہ

فتح لیتی ہے قدم اس کے سر میدان جنگ

سر سے باندھے جو کفن تیار ہے اپنی جگہ

قافلے والوں کو نیر خوف لُٹنے کا ہو کیوں

قافلہ سالار جب بیدار ہے اپنی جگہ


نیر گنگوہی

سعید احمد قریشی

No comments:

Post a Comment