Friday, 16 January 2026

جہاں کا نقش سنوارا حضور کے دم سے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


جہاں کا نقش سنوارا حضورؐ کے دم سے

ملا ہے فیض یہ سارا حضور کے دم سے

لگا سکے گا بھلا کون برکتوں کا سراغ

عروج پر ہے ستارا حضور کے دم سے

نگاہ سُوئے مدینہ نجانے کب سے ہے

ہے رحمتوں کا اشارا حضور کے دم سے

خطا کے بوجھ اترنے لگے کرم پا کر

بچا گناہ کا مارا حضور کے دم سے

ہزار غم تھے مگر چین دل کو آ ہی گیا

ملا ہے درد کا چارہ حضور کے دم سے

درودِ پاک کی برکت سے دل معطر ہے

ملا دلوں کو سہارا حضور کے دم سے

درِ نبیؐ سے جلا ہے محبتوں کا چراغ

کھلا نصیب کا تارا حضور کے دم سے

 دلوں میں اسم محمدﷺ کی جگمگاہٹ ہے

یہ روشنی کا ہے دھارا حضور کے دم سے

سنور گئی مِری دنیا ثنائے سرورﷺ سے

قلم میں فیض یہ آیا حضور کے دم سے

حریمِ شوق میں نِسبت جیا حضور سے ہے

بروزِ حشر گزارا حضور کے دم سے


جیا قریشی

No comments:

Post a Comment