Saturday 29 November 2014

اگر دولت سے ہی سب قد کا اندازہ لگاتے ہیں

اگر دولت سے ہی سب قد کا اندازہ لگاتے ہیں
تو پھر اے مفلسی! ہم داؤ پر کاسا لگاتے ہیں
انہیں کو سربلندی بھی عطا ہوتی ہے دنیا میں
جو اپنے سر کے نیچے ہاتھ کا تکیا لگاتے ہیں
ہمارا سانحہ ہے یہ، کہ اس دورِ حکومت میں
شکاری کے لیے جنگل میں ہم ہانکا لگاتے ہیں
وہ شاعر ہوں کہ عالم ہوں کہ تاجر یا لٹیرے ہوں
سیاست وہ جوا ہے جس میں سب پیسا لگاتے ہیں
اگا رکھے ہیں جنگل نفرتوں کے ساری بستی میں
مگر گملے میں میٹھی نِیم کا پودا لگاتے ہیں
زیادہ دیر تک مُردے کبھی رکھے نہیں جاتے
شرافت کے جنازے کو چلو کاندھا لگاتے ہیں
غزل کی سلطنت پر آج تک قبضا ہمارا ہے
ہم اپنے نام کے آگے ابھی رانا لگاتے ہیں

منور رانا

No comments:

Post a Comment