Sunday, 29 November 2015

دیار شب کا مقدر ضرور چمکے گا

دیارِ شب کا مقدر ضرور چمکے گا
یہیں کہیں سے چراغوں کا نور چمکے گا
کہاں ہوں میں کوئی موسیٰؑ کہ اک صدا پہ مِری
وہ نور پھر سے سرِ کوہِ طور چمکے گا
تِرے جمال کا نشہ شراب جیسا ہے
ہماری آنکھوں سے اس کا سرور چمکے گا
بھرم جو پیاس کا رکھے گا آخری دم تک
اُسی کے ہاتھ میں جامِ طہور چمکے گا
یہ کہہ کے دار پہ خود کو چڑھا دیا میں نے
کہ دار پر بھی سرِ بے قصور چمکے گا
لٹے ہوئے ہیں مگر ہم ابھی نہیں مایوس
ہمارے تاج میں پھر کوہِ نور چمکے گا
تلاش کرتا ہے مجھ مشتِ خاک میں تٗو عبث
غرور ہو گا جبھی تو غرور چمکے گا
مِرے ہنر کا گماں ہو گا عیب پر میرے
مِری غزل میں جو فن کا شعور چمکے گا
متاعِ فن سے نوازا گیا ہے تجھ کو فراغؔ
اسی سے نام تِرا دور دور چمکے گا

فراغ روہوی

No comments:

Post a Comment