Tuesday 24 November 2015

دل درد آشنا دیا ہم کو

دل درد آشنا دیا ہم کو
لو دیا بھی تو کیا دیا ہم کو
فلکِ کج خرام نے آخر
خاک ہی میں ملا دیا ہم کو
ایک جلوے نے اس پری رو کے
اور عالم دکھا دیا ہم کو
اپنی فرقت کی دیکھ صناعی
غم کا پتلا بنا دیا ہم کو
بعد مدت پڑی یہ طرزِ خوشی
حالِ بد نے ہنسا دیا ہم کو
یاں تو دریا کشی کے دعوے تھے
اک نگہ نے چھکا دیا ہم کو
یار و اعداء میں تھے ہمیں پردہ
آخر اس نے اٹھا دیا ہم کو
مے کے دھوکے میں ہائے ساقی نے
آبِ حیواں پلا دیا ہم کو
ہم تمنائے وصل تھے کس کے
کیوں فلک نے مٹا دیا ہم کو
اس قیامت خرام نے ہے ہے
پھر دوبارہ جلا دیا ہم کو
کیا تصور نے سحر سازی کی
اس کو جھٹ پٹ دکھا دیا ہم کو
ایک دو اشکِ خوں بہا اے چشم
تُو نے دھبہ لگا دیا ہم کو
نامہ بر نے جواب کے بدلے 
خط کے پرزوں کو لا دیا ہم کو
اللہ اللہ نیستی کے مزے
عیشِ سرمد بھلا دیا ہم کو
ہم تک آ جائے کس طرح عشرت
گردِ غم نے چھپا دیا ہم کو
لا کے ہستی سے دیر میں مجروحؔ
اک غضب میں پھنسا دیا ہم کو

میر مہدی مجروح

No comments:

Post a Comment